Friday, May 3, 2024

بینکوں سے رقوم نکلوانے پر عائد ٹیکس ختم کروانے کیلئے تاجر برادری یکجا

بینکوں سے رقوم نکلوانے پر عائد ٹیکس ختم کروانے کیلئے تاجر برادری یکجا
July 6, 2015
لاہور(92نیوز)بینکوں سے رقوم نکلوانے پر عائد ٹیکس ختم کروانے کیلئے تاجر برادری یکجا ہوگئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے بینکوں سے رقوم نکلوانے پر عائد0.06 فیصد کی شرح ٹیکس ختم کروانے کیلئے تاجر برادری یکجا ہو گئی،لاہورسمیت پنجاب بھر میں کل دکانیں اور کاروبار بند کرکے ہڑتال کا اعلان کر دیا گیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تاجر رہنماﺅں خالد پرویز، رزاق ببر، شہزادہ سلیم اور دیگرنے کہا کہ حکومت نے ظالمانہ ٹیکس عائد کیا ہے جس کو مسترد کرتے ہیں اور کل بھرپور احتجاج کرینگے۔ خالد پرویز نے کہا کہ حکومت تاجروں کی مشاورت سے ٹیکس لگائے وگرنہ کام نہیں چلے گا،شہزادہ سلیم نے کہا کہ لاہورکی تمام کار ڈیلر مارکیٹیں بند کر کے احتجاج میں حصہ لیں گے ادھر لاہور چیمبر سمیت آٹھ چیمبرز نے ٹیکس کیخلاف پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر دھرنے دینے کا اعلان کیا ہے۔ چیمبرز عہدیداروں نے حکومت کو تین دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مطالبات نہ مانے تو اسلام آباد پہنچ کر دھرنا دینگے۔ تمام چیمبرز نے تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔