Sunday, September 8, 2024

بینظیربھٹو قتل کیس میں سزا پانے والے پولیس افسروں کی ہائیکورٹ میں اپیل

بینظیربھٹو قتل کیس میں سزا پانے والے پولیس افسروں کی ہائیکورٹ میں اپیل
September 7, 2017

راولپنڈی (92 نیوز) بےنظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں چیلنج۔ سترہ سترہ سال قید کی سزا پانے والے سابق سی پی او سعود عزیز اور سابق ایس پی خرم شہزاد نے انسداد دہشتگردی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کردی۔

سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو قتل کیس میں سز ا پانے والے سابق سی پی او سعود عزیز اور سابق ایس پی خرم شہزاد نے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں اپیلیں دائر کردیں۔

دونوں کے وکلاء نے موقف اختیار کیا ہے کہ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے موکلان کی طرف سے پیش کئے گئے شواہد کو نظر انداز کیا۔ دونوں سابق پولیس افسران نے بینظیر بھٹو کو سکیورٹی فراہم کی تھی۔

عدالت نے گرفتار پانچ ملزمان کو بری کردیا جبکہ موکلان کو سزا سنادی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا غیر قانونی ہے۔ لہٰذا سزاﺅں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے سابق پولیس افسران کو بری کیا جائے۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بےنظیر قتل کیس میں سابق سی پی او سعود عزیز اور ایس پی خرم شہزاد کو 17، 17 سال قید کی سزا سنائی تھی جبکہ عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دیا تھا۔

عدالت نے کیس میں ملوث دیگر پانچ ملزما ن رفاقت، حسنین، رشید احمد، شیر زمان اور اعتزاز شاہ کو باعزت بری کردیا تھا۔