Sunday, September 8, 2024

بینظیر کو زرداری نے قتل کرایا، گرفتار کیا جائے : سابق صدر پرویز مشرف

بینظیر کو زرداری نے قتل کرایا، گرفتار کیا جائے : سابق صدر پرویز مشرف
September 21, 2017

دبئی (92 نیوز) سابق صدر پرویز مشرف نے ایک بار پھر بے نظیر بھٹو قتل کا الزام آصف علی زرداری پر لگا ہی دیا۔ کہتے ہیں  زرداری کے افغان صدر حامد کرزئی سے گہرے تعلقات تھے۔ سازش کی گئی۔ فائدہ زرداری نے اٹھایا۔ آصف زرداری قاتل ہے، اسے گرفتار کیا جائے۔

پرویز مشرف نے بلاول، بختاور، آصفہ اور بے نظیر بھٹو کے چاہنے والوں کے نام ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ پیغام میں پرویز مشرف نے بے نظیر قتل کے حوالے سے ایک دفعہ پھر سوال اٹھائے ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ زرداری کے پانچ سالہ دور اقتدار میں بے نظیر قتل کیس میں پیش رفت کیوں نہیں ہوئی؟ بے نظیر قتل کا فائدہ کس نے اٹھایا اور نقصان کس کو ہوا؟

بیت اللہ محسود کے کہنے پر بے نظیر کو قتل کیا گیا؟ وہ اور حکومت پاکستان بیت اللہ محسود کو پہلے ہی ختم کرنا چاہتے تھے۔ اس وقت افعان صدر کرزئی سے زرداری کے گہر مراسم تھے سازش کس نے کس کے ساتھ مل کر بنائی؟

پرویز مشرف نے سوال کیا کہ بم پروف گاڑی کے چھت پر کھڑکی کس کے کہنے پر بنائی گئی؟ کس نے بے نظیر کو کال اور میسج کر کے گاڑی کی چھت سے باہر نکلنے کو کہا؟ گاڑی کے اندر امین فہیم، ناہید خان، صفدر عباسی اور زرداری کی جیل کا ساتھی شہنشاہ موجود تھا۔ شہنشاہ کو کراچی میں قتل کر دیا گیا اور اس کو قتل کرنے والے کو بھی قتل کر دیا گیا یہ کس نے کروایا۔

پرویز مشرف نے سوال کیا کہ آصف زرداری اور عدالت نے گاڑی کے اندر بیٹھے ایک شخص کو بھی طلب نہیں کیا جبکہ وہ عینی گواہ تھے۔ سکیورٹی انچارج رحمان ملک واقعہ کے بعد اسلام آباد کیوں گیا۔ بے نظیر کی گاڑی کا روٹ کس کے کہنے پر تبدیل ہوا۔

پرویز مشرف نے کہا کہ اس کیس کی اگر ٹھیک طریقے سے انکوائری یو تو اصل قاتل پکڑا جا سکتا ہے۔ بے نظیر بھٹو اور مرتضی بھٹو کا اصل قاتل زرداری ہے اس کو گرفتار ہونا چاہیے۔