Monday, June 3, 2024

بینظیر قتل کیس : گواہی سے انکار، ممبر تحقیقاتی ٹیم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

بینظیر قتل کیس : گواہی سے انکار، ممبر تحقیقاتی ٹیم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
October 14, 2015
راولپنڈی (92نیوز) بینظیر قتل کیس میں مسلسل غیرحاضری اور گواہی سے انکار پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ممبر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے۔ بیرون ملک روپوش اور اشتہاری قرار دیئے گئے ایس ایس پی طاہر ایوب نے حاضری کی یقین دہانی کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے حکم پر پولیس مفرور اور روپوش ہونے والی ایس ایس پی طاہر ایوب کے خلاف جاری کیا گیا اشتہار عدالت اور ان کی رہائش گاہ کے باہر چسپاں کردیا گیا۔ عدالت نے مسلسل غیر حاضر رہنے پر ایس ایس پی طاہر ایوب کے پہلے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے جبکہ گزشتہ سماعت پر انہیں اشتہاری ملزم قرار دیا گیا تھا۔ دوران سماعت ایس ایس پی طاہر ایوب کی جانب سے ایف آئی اے کا ایک افسر عدالت میں پیش ہوا جس نے عدالت کو بتا یا کہ طاہر ایوب بیرون ملک ہیں لیکن وہ سماعت پر عدالت پیش ہوجائیں گے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایک اور ممبر جے آئی ٹی طارق الیاس کیانی کی عدم حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو وارنٹ کی تعمیل کا حکم دیا۔ عدالت میں کیس مدعی اور اہم گواہ انسپکٹر کاشف ریاض کے بیان پر ملزم کے وکیل راو عبدالرحیم نے جرح مکمل کرلی۔ عدالت نے سماعت 19اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت پر انسپکٹر کاشف ریاض کے بیان پر جرح کی اجازت کے لئے پراسیکیوٹر کی درخواست پر دلائل ہوں گے۔ اب تک 57گواہوں پر جرح مکمل ہوچکی ہے جبکہ مارک سیگل کے بیان پر جرح نومبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔