Sunday, September 8, 2024

بینظیر بھٹو قتل کیس : مارک سیگل کے بیان پر جرح کیلئے وکلاءکو نوٹس جاری

بینظیر بھٹو قتل کیس : مارک سیگل کے بیان پر جرح کیلئے وکلاءکو نوٹس جاری
January 16, 2016
اسلام آباد (92نیوز) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں امریکی صحافی مارک سیگل کے بیان پر20 جنوری کو جرح کے لیے ملزم جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے وکلاءکو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج رائے محمد ایوب نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے قتل کے مقدمہ میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے وکلاءبیرسٹر فروغ نسیم اور الیاس صدیقی ایڈووکیٹ کو امریکی صحافی مارک سیگل کے بیان پر جرح کے لیے نوٹسز جاری کیے۔ مارک سیگل نے یکم اکتوبر 2015ءکو وڈیو لنک کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا اور عدالت کو جرح کے لیے 20 جنوری کو اپنی دستیابی سے آگاہ کیا تھا۔ اس حوالے سے راولپنڈی کے کمشنر آفس میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جہاں وکلاءواشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں موجود امریکی صحافی سے جرح کریں گے۔ مارک سیگل نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پرویز مشرف نے ان کی موجودگی میں بے نظیر بھٹو کو دھمکی آمیز ٹیلی فون کال کی۔