Sunday, September 8, 2024

بینظیر بھٹو قتل کیس: دو سابق افسران کی سزائیں معطل

بینظیر بھٹو قتل کیس: دو سابق افسران کی سزائیں معطل
September 11, 2017

لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے بینظیر بھٹو قتل کیس میں دو سابق افسران کی سزائیں معطل کردیں۔ عدالت نے انسداد دہشتگردی کی عدالت اورایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریکارڈ طلب کرلیا۔

سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو قتل کیس میں سزا یافتہ سابق سی پی او سعود عزیز اور سابق ایس پی خرم شہزاد کی اپیلیں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس طارق عباسی اور جسٹس حبیب اللہ عامر پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے سماعت کی۔

سابق پولیس افسران کا موقف تھا کہ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ان کی طرف سے پیش کیے گئے شواہد کو نظر انداز کیا۔ عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا غیر قانونی ہے۔ لہٰذا سزاوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کیا جائے۔

عدالت عالیہ نے سعود عزیز اور خرم شہزاد کی نظر ثانی کی اپیل سماعت کےلئے منظور کرتے ہوئے دونوں پولیس افسران کی سزاوں کو معطل کردیا۔

عدالت نے انسداد دہشت گردی کی عدالت اور ایف آئی اے سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

بینظیر قتل کیس کی سماعت کرنے والی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق سی پی او سعود عزیز اور ایس پی خرم شہزاد کو 17، 17 سال قیدسنائی جبکہ پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے سابق صدر کو اشتہاری قرار دیا تھا۔