Saturday, May 4, 2024

بین الاقوامی شادی کے نام پر جرائم کیخلاف کریک ڈاؤن کے حامی ہیں ، چینی سفارتخانے کا اعلامیہ

بین الاقوامی شادی کے نام پر جرائم کیخلاف کریک ڈاؤن کے حامی ہیں ، چینی سفارتخانے کا اعلامیہ
May 10, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان میں چینی شہریوں کی غیر قانونی شادیوں کے معاملے پر چین کے سفارتخانےنے جامع اعلامیہ جاری کردیا ۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی شادی کے نام پر جرائم کیخلاف قانون کے مطابق کریک ڈاؤن کے حامی ہیں۔ جعلی شادی اسکینڈل میں ایف آئی اے متحرک ہوئی اور مذید گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہوا تو چینی سفارتخانے نے بھی موقف دے دیا۔ ترجمان نے بیان میں کہا پاکستان میں چینی باشندوں کی گرفتاریوں کی خبریں دیکھی ہیں۔ چین جائز شادیوں کا تحفظ کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے لیکن شادی کی آڑ میں جرائم کرنے والے باشندوں کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ترجمان چینی سفارتخانے نے کہا کہ پاکستان اپنے قانون کے مطابق ایسے جرائم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرے۔ چینی پبلک سکیورٹی کی وزارت نے پاکستان سے قانونی تعاون کیلئے ٹاسک فورس بھی بھیجی ہے۔ چین پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے روابط بڑھائے گا۔ ترجمان نے میڈیا میں چلنے والی بعض خبروں کو حقائق کے خلاف بھی قرار دیا۔ ترجمان نے کہا کہ چینی پبلک سکیورٹی وزارت نے بھی اسکینڈل کی تحقیقات کی ہیں۔ چین میں پاکستانی خواتین سے زبردستی جسم فروشی نہیں کرائی جا رہی جب کہ شادی کر کے چین جانے والی پاکستانی خواتین کے جسمانی اعضاء نکالنے کی خبریں درست نہیں۔ امید ہے پاکستان اور چین کے عوام افواہوں پر یقین نہیں کریں گے۔ ترجمان نے مزید کہا چند جرائم پیشہ افراد کو پاک چین دوستانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔