Friday, May 17, 2024

بین الافغان مذاکرات، عالمی طاقتوں اور خطے کے تمام ممالک کا خیرمقدم

بین الافغان مذاکرات، عالمی طاقتوں اور خطے کے تمام ممالک کا خیرمقدم
September 13, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) بین الافغان مذاکرات پرپوری دنیا کا مثبت ردعمل، عالمی طاقتوں اورخطے کے تمام ممالک کی طرف سے خیرمقدم کیا گیا۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور طالبان رہنما ملا عبدالغنی برادر کی ملاقات بھی عالمی توجہ کامرکزبن گئی۔ افغانستان میں 19 سالہ جنگ کے بعد قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بین الافغان مذاکرات شروع ہونے پر پوری دنیا سے مثبت رد عمل سامنے آ رہا ہے۔ پاکستان، ایران، بھارت، امریکا، چین اورخلیجی ریاستوں سمیت ان تمام ممالک  نے اس کا خیرمقدم کر رہے ہیں جوکسی نہ کسی وجہ سے اس جنگ سے وابستہ تھے یا متاثر ہوئے۔ ایرانی وزارت خارجہ نے اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان جنگ کا فوجی حل ناممکن تھا اور بات چیت کے ذریعے جنگ کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ بھارتی وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے کہا امن کے اس عمل میں انسانی حقوق اور جمہوریت کی پاسداری کی جانی چاہیے۔ مذاکرات کی افتتاحی تقریب کی سائیڈ لائنز پر امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کی طالبان رہنماء ملا عبدالغنی برادر سے مختصر ملاقات نے بھی  دنیا بھرکی توجہ سمیٹی ہے۔