Tuesday, May 21, 2024

بیلہ کراس کے قریب حادثے میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 27 ہو گئی

بیلہ کراس کے قریب حادثے میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 27 ہو گئی
January 22, 2019
بیلہ ( 92 نیوز) بیلہ کراس کے قریب کراچی سے پنجگور جانے والی مسافر کوچ اور آئل ٹینکر کے تصادم کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 27 ہو گئی ۔ گزشتہ روز بلوچستان  کی تحصیل  بیلہ میں بیلہ کراس کے قریب  مسافر بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم ہوا تھا۔  بس میں آگ لگنے سے27 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے جب کہ  17 زخمی  ہیں ۔ جاں بحق ہونے والوں میں عمران ،عبیداﷲ ، محمد نواز ، عبدالجبار ، انیس، عبدالمنان ، سمیر احمد ، نور بخش ، شاہ میر ، محمد فاروق ، محمد ،مسماۃ حنا ، مسماۃ زہرا اور ایک نامعلوم بچہ شامل ہے ۔جاں بحق ہونے والوں میں ٹرک ڈرائیور اورکلینربھی شامل ہیں ۔کئی مسافروں نے جا ن بچانے کیلئے بس سے چھلانگ لگا دی۔ ڈی سی لسبیلہ شبیر مینگل نے بتایا بس میں 34 افراد سوار تھے ، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے حادثے میں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کی وجوہات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ زخمیوں میں سے متعدد   کی حالت تشویشناک  ہے ، جب کہ جاں بحق اور زخمی افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ، جاں بحق ہونے والے 26 افراد کی لاشیں ناقابل شناخت ہیں ،ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ورثا کے حوالے کیا جائے گا ۔ دوسری جانب حادثے کے فوری بعد بس کے آگ کے گولے میں تبدیل ہونے کے حقائق سامنے آگئے ۔ مسافر بس میں ایرانی ڈیزل غیر قانونی طور پر اسمگل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ ایرانی ڈیزل مسافر بس کی سیٹوں اور چھت پر رکھا گیا تھا، مسافر بس میں ایرانی ڈیزل کی موجودگی کے باعث آگ لگی  ۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں سے اس قبل بھی غیر قانونی تیل سمگلنگ کی کوشش میں ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس سے کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوچکا ہے۔ لسبیلہ کے ضلعی انتظامیہ نے شواہد اکٹھے کرکے مزید تحقیقات شروع کردی تاہم مسافربسوں میں غیر قانونی تیل کی سمگلنگ نہ روکی گی تو آنے والے وقت میں مز یدایسے واقعات رونما ہوسکتے ہیں۔