Sunday, September 8, 2024

بیلجیئم دہشت گردوں کے نشانے پر، برسلز ایئرپورٹ اور میٹرو اسٹیشن دھماکوں سے گونج اٹھا

بیلجیئم دہشت گردوں کے نشانے پر، برسلز ایئرپورٹ اور میٹرو اسٹیشن دھماکوں سے گونج اٹھا
March 22, 2016
برسلز (ویب ڈیسک) بیلجیئم پھر دہشت گردوں کے نشانے پر۔ برسلز ایئرپورٹ اور میٹرو اسٹیشن دھماکوں سے گونج اٹھا۔ تینتیس افراد ہلاک جبکہ سو سے زائد زخمی  ہو گئے۔ بیلجیم کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایئرپورٹ دھماکہ خودکش تھا۔ دہشت گردی کے واقعے کے بعد یورپ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق ایئرپورٹ پر خودکش بمبار نے خود کو اڑا لیا جبکہ بم دھماکے سے پہلے فائرنگ بھی ہوئی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق برسلز ایئرپورٹ پر پہلا دھماکہ امریکی ٹکٹ ڈیسک کے قریب ہوا جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح ایئرپورٹ پر افراتفری پھیل گئی۔ دوسرا دھماکہ ڈیپارچر لاؤنچ کےقریب ہوا جس سے زیادہ تباہی ہوئی۔ تقریبا تیس منٹ کے وقفے کے بعد میٹرو اسٹیشنز بھی دھماکوں سے گونج اٹھے۔ عالمی میڈیا کے مطابق مختلف اسٹیشنز پر چار دھماکے ہوئے جس میں بارہ سے زائد ہلاکتیں ہوئیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ان میں سے ایک میٹرو اسٹیشن یورپی یونین کے دفتر کے قریب واقع ہے۔ برسلزدھماکوں کے بعد فرانس سمیت یورپی ممالک میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ مغربی میڈیا کے مطابق حالیہ دھماکے پیرس حملوں کے اہم ملزم صالح عبدالسلام  کی گرفتاری کا ردعمل ہو سکتے ہیں۔