Friday, April 19, 2024

بیل آﺅٹ پیکیج کی منظوری کے بعد یونان میں پرتشدد مظاہرے، اے ٹی ایمز اور گاڑیاں نذر آتش

بیل آﺅٹ پیکیج کی منظوری کے بعد یونان میں پرتشدد مظاہرے، اے ٹی ایمز اور گاڑیاں نذر آتش
July 16, 2015
ایتھنز (ویب ڈیسک) یونان کی پارلیمنٹ نے بیل آوٹ پیکیج کی شرائط کی منظوری دے دی ہے جبکہ پارلیمنٹ میں بحث کے دوران ہزاروں افراد نے پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے مظاہرہ کیا۔ مشتعل افراد نے پولیس پر پٹرول بم پھینکے اور بینکوں کی اے ٹی ایمز سمیت کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ یورو زون کے رہنماوں کی جانب سے دئیے گئے بیل آو¿ٹ پیکیج کی شرائط کی یونان کی پارلیمنٹ نے منظوری دے دی ہے۔ قرار داد کی حمایت میں دو سو انتیس اورمخالفت میں چونسٹھ ووٹ ڈالے گئے، چھ ارکان پارلیمنٹ نے ووٹنگ میں حصہ نہ لیا۔ یونانی وزیراعظم الیکسز سپراس نے پارلیمنٹ سے بیل آوٹ پیکیج منظورکرنےکی اپیل کی تھی۔ الیکسز سپراس کا کہنا تھا کہ وہ ایسا کرنا نہیں چاہتے تھے لیکن مجبور تھے، وہ بھاگے نہیں، اپنی ذمہ داری پوری نبھائی ہے۔ دوسری جانب پارلیمنٹ میں بیل آوٹ پیکیج پر ووٹنگ کے دوران ہزاروں افراد نے ایتھنز میں پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے شدید احتجاج کیا اور پولیس پر پٹرول بموں کی بارش کر دی۔ مظاہرین سنٹگما اسکوائر پر جمع ہوئے جنہیں منتشر کرنے کےلئے پولیس کو آنسو گیس کی شیلنگ کرنا پڑی لیکن کئی مشتعل مظاہرین پولیس کے قابو بھی نہ آئے اور پٹرول بم پھینکنے کا سلسلہ جاری رکھا جس پر اکتیس مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ اس سے پہلے ایتھنز کی سڑکوں پر ہزاروں افراد نے بیل آو¿ٹ پیکیج کے خلاف پرامن احتجاج کیے۔ یونان میں ہر طبقہ اصلاحاتی پیکیج کے خلاف سڑکوں پر نکل آیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ بینک دیوالیہ کا شکار ملک مزید اصلاحات کے نفاد سے کئی اور بحرانوں میں پھنس جائے گا۔