Saturday, April 20, 2024

بیشتر مراکزصحت میں ڈینگی تشخیص کی سہولت میسر نہیں

بیشتر مراکزصحت میں ڈینگی تشخیص کی سہولت میسر نہیں
September 18, 2019
لاہور(ویب ڈیسک ) ڈینگی بخار کی تشخیص کے حوالے سے محکمہ صحت کے اقدامات کا پول کھل گیا، شہرکے بیشتر مراکزصحت میں ڈینگی وائرس کی تشخیص کی سہولت میسر نہیں ۔ ذرائع کے مطابق روزانہ سرکاری ڈائیگناسکٹ سنٹرز اور ڈسپنسریوں میں آنیوالے سینکڑوں مریض ڈینگی کی تشخیص کیلئے سی بی سی جیسے  بنیادی ٹیسٹوں کی سہولت میسر نہ ہونے پر بے یارومددگار ہی واپس لوٹ جاتے ہیں۔ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کی روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی پر متعدد میٹنگز بھی صرف زبانی جمع خرچ تک محدود ہیں ،  لٹن روڈ، سمن آباد، رحمانپورہ اور شادمان سمیت بیشتر ڈسپنسریوں میں موجود کیمسٹری اینلائزر مشینیں یا تو خراب ہیں یا ان پر ٹیسٹ کرنے کیلئے کیمیکل دستیاب نہیں ۔ ڈائیگناسٹک سنٹرز اور ڈسپنسریوں پر تشخیصی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے ڈینگی کی علامات کے ساتھ ان مراکز صحت پر آنے والے سینکڑوں مریضوں میں مرض کی تشخیص ہی نہیں ہورہی اور اس سنگین صورتحال کے باعث شہر میں ڈینگی بخار کے مریضوں کی اصل تعداد بھی تاحال سامنے نہیں آرہی ۔