Saturday, April 20, 2024

بیس کلو آٹے کا تھیلا 660روپے!!! دیگر اشیاءخورو نوش سستے داموں ملیں گی، وزیراعلیٰ پنجاب نے 316رمضان بازاروں کی منظوری دیدی

بیس کلو آٹے کا تھیلا 660روپے!!! دیگر اشیاءخورو نوش سستے داموں ملیں گی، وزیراعلیٰ پنجاب نے 316رمضان بازاروں کی منظوری دیدی
June 8, 2015
لاہور (92نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں رمضان پیکیج کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ رمضان کے دوران رمضان پیکیج کے تحت صوبے بھر میں 316 رمضان بازار لگائے جائیں گے، 17 ماڈل بازار بھی سستے رمضان بازاروں میں تبدیل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 310 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 330 روپے میں دستیاب ہوگا، 20کلو آٹے کا تھیلا اوپن مارکیٹ میں 660 روپے میں فروخت ہوگا۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت رمضان پیکیج کے تحت معیاری آٹے کی فراہمی پر 3 ارب 50 کروڑ روپے سبسڈی دے گی، گھی، خوردنی تیل، چینی، مرغی کا گوشت، انڈے، دال چنا، دال ماش اور بیسن بھی رمضان بازاروں میں سستے داموں فراہم کئے جائیں گے، رمضان المبارک کی آمد سے 3 روز قبل صوبے بھر میں رمضان بازار لگا دیئے جائیں گے، رمضان بازاروں میں معیاری اشیائے خورد و نوش کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت رمضان بازاروں میں 333 فیئرپرائس شاپس قائم کرے گا جہاں پھل اور سبزیاں سستے داموں دستیاب ہوں گی، رمضان بازاروں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کر لیا گیا ہے، کسی کو ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری نہیں کرنے دیں گے۔ اجلاس میں صوبائی وزراءمجتبیٰ شجاع الرحمن، ڈاکٹر فرخ جاوید، بلال یاسین، چوہدری محمد شفیق، رانا ثناءاللہ، ایم این اے افضل کھوکھر، معاون خصوصی ارشد جٹ، اراکین صوبائی اسمبلی توفیق بٹ، وحید گل، سابق ایم پی اے حاجی محمد نواز، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویڑن، ڈی سی او لاہور اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔