Thursday, April 25, 2024

بیس شہروں کیلئے جائیداد کی قیمتیں 30 فیصد تک بڑھ گئیں

بیس شہروں کیلئے جائیداد کی قیمتیں 30 فیصد تک بڑھ گئیں
July 24, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ایف بی آر نے ملک کے بیس شہروں کیلئے جائیداد کی قیمتوں میں  30 فیصد اضافہ کر دیا ، نوٹیفکیشنز بھی جاری  ہو گئے ۔ جائیدادوں کی  قیمتوں میں اضافے کا اطلاق آج سے شروع، رہائشی اور کمرشل پلاٹوں کی خرید وفروخت پر کیپیٹل گینز ٹیکس میں بھی 40 سے45 فیصد اضافہ کیا گیا،  نان فائلر کیلئے 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی جائیداد خریدنے پر عائد پابندی بھی ختم کردی۔ بیس  شہروں میں پراپرٹی کے سرکاری نرخ میں مزید 30 فیصد تک اضافہ کر کے ایف بی آر نے تمام شہروں کے علیحدہ علیحدہ نوٹی فیکشنز جاری کردئیے ۔ اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، حیدرآباد، سکھر، راولپنڈی، سرگودھا، گوادار اور جہلم بھی شامل ہیں ۔کراچی کے بعض علاقوں میں پراپرٹی ویلیو ایشن میں 75 فیصد تک اضافہ بھی کیا گیا  ۔ اسلام آباد، لاہور میں پانچ سال سے کم پرانی عمارت کا فی مربع فٹ ریٹ 1500 روپے ،  پانچ سال پرانی تعمیر شدہ عمارت کا ریٹ ایک ہزار فی مربع فٹ مقرر کردیا گیا۔ سیکٹر آئی نائن، آئی 10 کے صنعتی زون  اور چک شہزاد میں فارم ہاوسز کیلئے فی کنال اراضی کی قیمت 50لاکھ جبکہ کہوٹہ ٹرائی اینگل صنعتی زون اور ترلائی میں فارم ہاوسز کی قیمت 40لاکھ روپے فی کنال مقرر کردی گئی ۔ رہائشی اور کمرشل پلاٹوں کی خرید وفروخت پر کیپیٹل گینز ٹیکس میں بھی 40 سے45 فیصد اضافہ کردیا گیا۔ جائیداد فروخت کرکے 50 لاکھ منافع کمانے والوں کو 5 فیصد، ایک کروڑ تک منافع پر 10 فیصد ، ڈیڑھ کروڑ تک منافع پر 15 فیصد، ڈیڑہ کروڑ سے زائد منافع پر 20 فیصد ٹیکس دینا ہوگا۔ ایف بی آر نے نان فائلر کیلئے 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی جائیداد خریدنے پر عائد پابندی بھی ختم کردی۔  فائلر کو جائیداد کی خریداری 1 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس اور  نان فائلر کو خرید کردہ جائیداد کا 5فیصد بطور جرمانہ ادا کرنا ہوگا، جائیداد پانچ سال بعد فروخت کرنے کی صورت میں ٹیکس عائد نہیں ہوگا۔