Saturday, May 11, 2024

بیس سالہ جدوجہد کے بعد قابضین کو نکالنے میں کامیاب ہو گئے ، ذبیح اللہ مجاہد

بیس سالہ جدوجہد کے بعد قابضین کو نکالنے میں کامیاب ہو گئے ، ذبیح اللہ مجاہد
August 18, 2021 ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے بیس سالہ جدوجہد کے بعد قابضین کو نکالنے میں کامیاب ہو گئے۔

طالبان کی کارروائیوں اور تفصیلات سے دنیا کو سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہ کرنے والے ذبیح اللہ مجاہد دنیا کے سامنے آگئے۔ طالبان کے افغانستان پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ دنیا نے ذبیح اللہ مجاہد کا چہرہ دیکھا جنھوں نے تمام معاملات کی بریفنگ پر پریس کانفرنس کی۔  

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے پریس کانفرنس کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ‏سب گواہ ہیں افغانستان 20 برس تک طویل جنگ کے بعد آزاد کرا لیا ہے۔ افغانستان میں تمام غیرملکیوں کو رہنے کا حق ہے ، احترام کرتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارا کابل میں ‏داخل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن کرپٹ حکمران وقت سے پہلے بھاگے۔ لوٹ مار ہوئی تو کابل میں ‏داخل ہوئے۔ ہم لوگوں کی حفاظت کیلئے مجبوری میں کابل میں داخل ہوئے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ کابل میں سفارتخانوں اور گرین زون کو محفوظ بنائیں گے۔ افغان سرزمین ‏کسی کیخلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں افغانستان مزید جنگ کا میدان نہ بنے۔ اسلامی امارت افغانستان آج ‏سے کسی کے ساتھ دشمنی نہیں رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم عام معافی کا اعلان کر چکے ہیں لہٰذا سرکاری ملازمین دفاتر میں آئیں۔

خواتین سے متعلق انہوں نے واضح کیا کہ اسلامی اصولوں کے مطابق خواتین کو کام کرنے کی اجازت ‏ہو گی۔ ترجمان نے کہا کہ دنیا کو یقین دلاتے ہیں افغانستان منشیات کی پیداوار کا مرکز نہیں ہو گا۔

ذبیح اللہ مجاہد نے اعلان کیا کہ پاکستان، روس اور چین سے اچھے تعلقات ہیں لیکن کسی کےاتحادی ‏ہیں نہ ہی کسی بلاک کا حصہ ہیں۔ پڑوسی ممالک کو ہمارے اصولوں کا احترام کرنا چاہیے۔