Tuesday, April 23, 2024

بیس دسمبر تک ریلوے کو اپنے قدموں پر کھڑا کریں گے ، شیخ رشید

بیس دسمبر تک ریلوے کو اپنے قدموں پر کھڑا کریں گے ، شیخ رشید
August 26, 2018
لاہور (92 نیوز) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ بیس دسمبر تک ریلوے کو اپنے قدموں پر کھڑا کریں گے۔ چھٹی کے روز بھی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید آن ڈیوٹی ہو گئے۔ ریلوے  ہیڈ کواٹرز میں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے ملازمین کو معاملات درست کرنے کے لیے 120 دن کی ڈیڈ لائن دی ہے ، لیکن 20 دسمبر تک ریلوے کو اپنے قدموں پر کھڑا کریں گے اور ریلوے کا خسارہ اسی سال کم کریں گے۔ شیخ رشید احمد کا مزید کہنا تھا کہ آن لائن ٹکٹنگ کا نظام 10 سال قبل ہم نے متعارف کرایا تھا،اب بھی ہم ہی آن لائن ٹکٹنگ کے لئے سہولتیں فراہم کریں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے سے پیار پاکستان سے پیار ہے، پوری کوشش  کریں گے ریلوے کوایران اور ترکی کی طرف لیکر جائیں گے اور اپنی ریل کو دوسرے ملکوں کی طرح  جدید بنائیں گے، انہوں نے ریلوے ملازمین کے لئے رہائشی پلازے تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان ریلوے ہیڈ آفس میں ہفتے  کو چھٹی نہیں ہو گی۔ وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں  پاکستان ریلوے معذور اور بزرگ لوگوں کو بھی سہولیات  فراہم کرے گی ۔