Thursday, April 25, 2024

بیس ارب روپے کا ٹیکس معاف، وفاق اورنج ٹرین منصوبے پر مہربان ہو گیا

بیس ارب روپے کا ٹیکس معاف، وفاق اورنج ٹرین منصوبے پر مہربان ہو گیا
January 8, 2017

 

اسلام آباد (92نیوز) وفاق کی پنجاب حکومت پر مہربانیاں، اورنج ٹرین منصوبے پر نوازشات کی بارش کردی۔ 20 ارب روپے کے ٹیکس چھوٹ کی سمری جھٹ پٹ منظور کرلی۔ تفصیلات کے مطابق 20ارب روپے کا ٹیکس معاف، اورنج لائن ٹرین منصوبے پر وفاقی حکومت مہربان ہوگئی۔ منصوبے کے لئے ٹیکس چھوٹ کی سمری آئی تو وفاق نے جھٹ سے اسے منظور کرلیا۔

وزارت منصوبہ بندی و ترقی کو قربانی کا بکرا بنایا گیا اور سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کردی گئی جس نے ٹیکس چھوٹ دینا تھی اس سے پوچھنا تک گوارا نہیں کیا گیا۔ 92نیوز کو موصول ہونے والی سمری کے مطابق وفاقی حکومت نے ایف بی آر اور وزارت خزانہ سے پوچھے بغیر اورنج لائن ٹرین منصوبے کے لئے ٹیکس چھوٹ دی جبکہ وزارت قانون سے بھی قانونی رائے نہیں لی گئی۔

اورنج لائن ٹرین منصوبے کو ٹیکس چھوٹ کے لئے اقتصادی امور ڈویژن اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز مشاورت ضروری تھی لیکن ایسا ہرگز نہیں کیا گیا۔ وفاق نے پنجاب حکومت کے بڑے منصوبے کے لئے یوں بے دھڑک 20ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ دیدی جبکہ باقی صوبوں کو صرف تسلیوں پر ہی ٹرخایا گیا۔