Friday, March 29, 2024

بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے لائحہ عمل طے کررہے ہیں، شاہ محمود

بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے لائحہ عمل طے کررہے ہیں، شاہ محمود
April 11, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی جلد واپسی کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس ہوا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے لائحہ عمل طے کیا جا رہا ہے۔ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی جلد واپسی کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،شہریار آفریدی، اسپیشل سیکرٹری خارجہ معظم خان، ڈی جی نیشنل کرایسز مینجمنٹ یونٹ سلمان اطہر اور وزارت خارجہ کے سینیئر افسران شریک ہوئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ممالک سے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے متفقہ طور پر واضح ایس او پی اور پروٹوکول مرتب کیے۔ اب تک ہم 9 خصوصی پروازوں کے ذریعے بیرون ملک مقیم 1600 سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لا چکے ہیں۔ ہزاروں پاکستانی ابھی تک وطن واپسی کے منتظر ہیں، ان کی تکالیف کا مکمل احساس ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میں نے تمام پاکستانی سفارتخانوں کو اپنے پاکستانی بھائیوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایات دی ہیں۔ کینیا، تنزانیہ، سوڈان اور جہاں جہاں بھی ہمارے تبلیغی جماعت کے لوگ موجود ہیں، ہمارے سفارتکار ان کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔ زائرین کی جلد وطن واپسی کیلئے بھی لائحہ عمل طے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک قید پاکستانیوں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کیلئے بھرپور کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ پاکستانیوں کی وطن واپسی کے عمل کو مکمل کرنے کیلئے ،ٹسٹنگ اور کوارنٹائین کی سہولیات کے پیش نظر، صوبوں کو آگے بڑھنا ہوگا۔