Friday, May 17, 2024

بیرون ملک پاکستانیوں سے مستقل مالیاتی رشتہ بنانا چاہتے ہیں، گورنر اسٹیٹ بینک

بیرون ملک پاکستانیوں سے مستقل مالیاتی رشتہ بنانا چاہتے ہیں، گورنر اسٹیٹ بینک
February 12, 2021

کراچی (92 نیوز) گورنر اسٹیٹ بینک باقر رضا کہتے ہیں ہم بیرون ملک پاکستانیوں سے مستقل مالیاتی رشتہ بنانا چاہتے ہیں، شروع میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر اب ستانوے ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں کے چھیاسی ہزار روشن روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس ہیں جن کے ذریعے 48 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔

گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے نجی بینک کی ڈیجیٹل اکاونٹ لانچنگ کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ ستانوے ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے چھیاسی ہزار روشن ڈیجیٹل اکاونٹس بن چکے ہیں۔ ان اکاؤنٹس کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی ریئل اسٹیٹ، کیپیٹل مارکیٹ، اور حکومتی سرٹیفیکٹس میں سرمایہ کاری کئے ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر رضا باقر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ہمیشہ سے تجارتی خسارے کا سامنا رہا جس کے باعث کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں رہا اور ملک کو اربوں ڈالر دیگر ذرائع سے جمع کرنا پڑتے تھے۔ لیکن آج چھ ماہ سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہے۔ ایکسچینج ریٹ کو مارکیٹ بیس کیا جس کے باعث ڈالر مستحکم ہوا۔

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ہمارے نئے ایکسچینج ریٹ کے سسٹم نے بڑا عالمی مالیاتی بحران اور کووڈ کے مسائل کو بخوبی گزار لیا۔ آج ڈالر ایک سو اُنسٹھ روپے کےلگ بھگ مستحکم ہے جو کووڈ سے پہلے ایک سو چوون روپے پر بھی گیا تھا۔