Sunday, May 12, 2024

بیرون ملک مقیم پاکستانی کی سٹیزن پورٹل پر شکایات کا وزیراعظم نے نوٹس لے لیا

بیرون ملک مقیم پاکستانی کی سٹیزن پورٹل پر شکایات کا وزیراعظم نے نوٹس لے لیا
May 29, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) بیرون ملک مقیم پاکستانی کی سٹیزن پورٹل پر شکایات کا وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا۔

 وزیراعظم نے اسلام آباد لینڈ ریونیو کے افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈپٹی رجسڑار کوآپریٹو سوسائیٹز اسلام آباد کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق چیف کمشنر نے تحقیقات کے بعد وزرات داخلہ سے سرکل رجسٹرار کو معطل کرنے کی سفارش کی ہے جبکہ انسپیکٹر کو آپریٹیو سوسائیٹیز کو عہدہ سے برطرف، سرکل رجسٹرار آفس کے متعلقہ کلرک کو بھی عہدہ سے ہٹا دیا گیا ہے۔ متعلقہ ہاوسنگ سوسائٹی کو شوکاز نوٹس جاری اور بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق بیرون ملک پاکستانی نے پلاٹ منتقلی سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو شکایات کی تھی۔ سرکل رجسٹرار آفس نے شہری کی شکایت پر اس کی داررسی نہیں کی جس کے بعد وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کی ہدایت پر چیف کمشنر نے شکایات پر انکوائری کی اور چیف کمشنر آفس نے متعلقہ افسران کی معطلی اور برطرفی کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیئے۔