Wednesday, April 24, 2024

بیرون ملک سے آنے والوں کے کورونا ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں ، معاون خصوصی معید یوسف

بیرون ملک سے آنے والوں کے کورونا ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں ، معاون خصوصی معید یوسف
May 11, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی معید یوسف نے کہا بیرون ملک سے آنے والوں کے کورونا ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ حکومت نے بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کیلئے نئی پالیسی متعارف کرا دی ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران نئی پالیسی بارے آگاہ کیا اور بتایا کہ تمام صوبوں سے مشاورت کے بعد نئی پالیسی متعارف کرائی گئی۔ اب بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں  کا فوری طور پر ٹیسٹ کیا جائے گا۔ ٹیسٹ کے بعد 48 گھنٹے  انتظار کی شرط بھی ختم  کر دی گئی۔ یہ بھی واضح کیا کہ اگر کورونا کیسز کی تعداد بڑھی تو پالیسی پر نظر ثانی کرنا پڑے گی۔ انہوں نے کہا صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ مسافروں کا 24 گھنٹے میں جلد از جلد ٹیسٹ ہو اور نتیجہ آئے۔ نئی پالیسی میں تمام مسافر بالکل تحفظ کے ساتھ اپنے گھر پہنچیں گے۔ مسافروں کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر وہ گھر جائیں گے اور ٹیسٹ مثبت آنے پر بھی اگر علامات زیادہ نہ ہوں تو گھر میں قرنطینہ کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے بتایا کہ عید سے پہلے زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔ 21 مئی تک 10 ہزار 700سے زائد  پاکستانیوں کو وطن لایا جائیگا۔ کینیڈا، امریکہ اور دیگر یورپی ممالک سے  بھی پاکستانیوں کو  لانے کا ارادہ  ہے۔ پاکستانیوں کو واپس وطن لانا ہے ۔ ہماری ذمہ  داری ہے کوشش ہے کہ ہر ہفتے 10 یا 11 ہزار پاکستانی واپس وطن پہنچا سکیں۔ اس ہفتے برطانیہ ، کینیڈا اور امریکا سے بھی پروازیں ہیں۔ سیالکوٹ ائیر پورٹ کو بحال کر رہے ہیں۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ خلیجی ممالک سے آنے والوں کا وہاں بھی کورونا ٹیسٹ ہو گا۔ جہازوں میں مسافروں کے درمیان فاصلے پر بھی عمل کیا جائیگا۔ مسافر احتیاط کریں، کورونا ٹیسٹ اور قرنطینہ میں تعاون کریں۔