Saturday, May 18, 2024

بیرون ملک اثاثہ جات کیس،علیمہ خانم سپریم کورٹ پیش ہو گئیں

بیرون ملک اثاثہ جات کیس،علیمہ خانم سپریم کورٹ پیش ہو گئیں
December 24, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) بیرون ملک اثاثہ جات کیس میں وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خانم سپریم کورٹ پیش  ہو گئیں، منی ٹریل بھی جمع کرادی ۔ عدالت نے  ایف بی آر سے عائد دو کروڑ پچانوے لاکھ جرمانہ اور ٹیکس ایک ہفتے میں ادا کرنے کا حکم  دے دیا اور کہا کہ  رقم جمع کرا کر ایف بی آر کےخلاف قانونی چارہ جوئی کرسکتی ہیں ۔ بیرون ملک اکاؤنٹس اورجائیدادوں کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کی ہمیشرہ علیمہ خانم سپریم کورٹ میں پیش ہو گئیں ۔ علیمہ خان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 3 لاکھ 75 ہزارڈالر میں جائیداد 2008 میں خریدی،گزشتہ سال فروخت کردی، پچاس فیصد بینک قرض لیا۔ سپریم کورٹ نے   علیمہ خان کو ایک ہفتے میں  29.4 ملین روپے جمع کروانے کا حکم دےدیا ۔ عدالت نے ہدایت کی کہ اگر رقم جمع نہ کرائی تو جائیداد ضبط کر لی جائیگی ۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے علیمہ خان سے استفسار کیا کہ کتنے کی پراپرٹی دبئی میں خریدی، بینک سے کتنا قرض لیا۔ ایف بی آرحکام  نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جائیداد کی 50 فیصد رقم علیمہ خان نے دی، پچاس فیصد بینک سے قرض لیا گیا، وکیل نےموقف اختیارکیا کہ ایف بی آر میں علیمہ خان کے ذمہ 18 ملین کی رقم ہے۔ چیف جسٹس نےریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان چاہیں تو ایف بی آر حکام کےخلاف قانونی چارہ جوئی کرسکتی ہیں،اپیل میں جانے سے پہلے انتیس اعشاریہ چار ملین روپے جمع کرانے ہوں گے،اپیل منظور ہوئی تو واپس ہوجائیں گے۔