Friday, March 29, 2024

بیجنگ ، وزیر خارجہ خواجہ آصف کی چینی صدر، وزیر خارجہ سے ملاقاتیں

بیجنگ ، وزیر خارجہ خواجہ آصف کی چینی صدر، وزیر خارجہ سے ملاقاتیں
April 24, 2018
بیجنگ (92 نیوز) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے چینی صدر شی جن پنگ اور چینی وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں دو طرفہ امور پر بات چیت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ خواجہ آصف شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل آف فارن منسٹرز میں شرکت کیلئے چین میں موجود ہیں۔ دورے میں وزیر خارجہ نے چینی صدر اور وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات اور باہمی دوستی و احترام قائم رہنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ چینی صدر نے شنگھائی تعاون تنظیم میں بطور رکن ملک پاکستان کے کردار کو سراہا اور تعریف کی۔ چینی وزیر خارجہ سے ملاقات میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے اپنی سر زمین سے دہشت گردی کے انسداد کیلئے انتھک کوششیں کی ہیں جس کو سراہا جانا چاہیے۔ چینی وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ چین پاکستان کی خود مختاری، قومی یکجہتی اور اپنی قومی سلامتی کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔