Monday, May 6, 2024

بیجنگ میں کورونا کے 57 نئے کیسز، گوشت مارکیٹ سمیت متعدد مقامات سیل

بیجنگ میں کورونا کے 57 نئے کیسز، گوشت مارکیٹ سمیت متعدد مقامات سیل
June 14, 2020
بیجنگ (92 نیوز) چین کے دارالحکومت بیجنگ میں کورونا وائرس کے57 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد گوشت مارکیٹ سمیت متعدد مقامات کو سیل کردیا گیا ہے۔ کورونا وائرس نے چین کیلئے ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ اپریل کے بعد پھر موذی وائرس نے سر اٹھانا شروع کردیا۔ اس بار اس خطرناک وائرس کا نشانہ بیجنگ ہے۔ چین کے دارالحکومت میں 2 ماہ بعد نئے کیسز آنا شروع ہوگئے ہیں۔ بیجنگ میں 50 سے زائد نئے کیسز آنے کے بعد حکام نے گزشتہ روز گوشت اور ایک دوسری مارکیٹ کو سیل کیا تھا جس کے بعد آج گوشت مارکیٹ کے 11 قریبی علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا اس کے ساتھ جنگی نظام اور فیلڈ کمانڈ سنٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔ حکام نے مشتبہ علاقوں میں 9 اسکول بھی بند کردیئے۔ بیجنگ کے پرائمری اسکولوں میں طلبہ کی واپسی ملتوی کردی جبکہ بیجنگ میں تمام کھیلوں کے مقابلے اور اجتماعات پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں چین میں پہلی مرتبہ کورونا وائرس کے کیسز منظر عام پر آئے تھے جس کے بعد اس وائرس سے چین خصوصاً ووہان میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں اور 80 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو گئے تھے۔ چین نے سخت لاک ڈاؤن کے ذریعے وائرس پر قابو پا لیا تھا۔