Saturday, April 27, 2024

بیجنگ حکومت کا پاکستان کو دو ارب ڈالر قرض دینے پر رضامندی کا اظہار ، برطانوی اخبار

بیجنگ حکومت کا پاکستان کو دو ارب ڈالر قرض دینے پر رضامندی کا اظہار ، برطانوی اخبار
January 1, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان کی مالی مشکلات حل کرنے کیلئے دیرینہ دوست چین مدد کیلئے تیار ہو گیا۔ برطانوی اخبار کے مطابق بیجنگ حکومت نے پاکستان کو دو ارب ڈالر قرض دینے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ پاک چین دوستی ،سمندر سے گہری ،آسماں سے اونچی اور شہد سے میٹھی   ہے۔ جب جب  پاکستان پر مشکلات آئیں تو چین نے ہمیشہ اپنا ہاتھ آگے کرکے اُسے سہارا دیا۔ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق چین نے روپے کی گرتی قدر اور زر مبادلہ کی قلت روکنے کیلئے  پاکستان کو  دو ارب ڈالر قرض دینے  پر  رضا مندی ظاہری کی ہے۔ قرض کی تفصیلات حکومت پاکستان کے دو اعلیٰ حکام کی جانب سے بتائی گئیں ۔ تاہم چین نے  قرض دینے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا۔ برطانوی اخبار کے مطابق اعلیٰ پاکستانی حکومتی اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ قرض دینے کا وعدہ چین کے پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے عزم کی طرف اشارہ کرتا ہے ۔ اگر روپے کی قدر تیزی سے گرتی ہے تو  چین سے مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔ چین ایسے موقع پر قرض دے رہا ہے جب پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان  سات یا آٹھ ارب ڈالر  کے قرضوں کیلئے مذاکرات جاری ہیں جس کا اگلا دور رواں ماہ ہو گا۔