Thursday, May 9, 2024

بیت المقدس، اسرائیلی فورسز کا خاتون صحافی پر دوران رپورٹنگ تشدد، گرفتار و رہا

بیت المقدس، اسرائیلی فورسز کا خاتون صحافی پر دوران رپورٹنگ تشدد، گرفتار و رہا
June 6, 2021

بیت المقدس (92 نیوز) سیزفائر کے باوجود فلسطین میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے، گزشتہ روز الجزیرہ سے وابستہ خاتون صحافی جيفارا البديري کو بیت المقدس کے علاقے شیخ الجراح میں رپورٹنگ کے دوران اسرائیلی سکیورٹی اداروں نے حراست میں لے کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ انسانیت سوز سلوک کے بعد خاتون صحافی کو رہا کردیا گیا۔

صحافت جرم نہیں ہے لیکن فلسطین میں صحافت کرنا جان جوکھوں کا کھیل بن گیا۔ مظلوم فلسطینیوں کی آواز بننا جرم بن گیا۔

الجزیرہ کی صحافی جیفارا البدیری کو اسرائیلی فورسز کی جانب سے زدوکوب کیا گیا۔ ان کا جرم یہ ہے وہ مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح میں بے گھر کئے جانے والے فلسطینیوں کی آواز بن رہی تھی۔ ان کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ایسے گرفتار کیا گیا جیسے ان کے پاس کیمرہ اور مائیک نہیں بلکہ اسلحہ ہے۔

الجزیرہ سے وابستہ خاتون صحافی جيفارا البديري کو پولیس اسٹیشن لے جایا گیا، وہاں بھی ان کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کیا گیا۔ بعد میں انہیں رہا کر دیا گیا۔ اور ان پر شیخ الجراح میں داخلے پر 15 دنوں کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

صحافی جيفارا البديري کی اسرائیلی قید سے رہائی کے بعد اپنی بیٹیوں سے ملاقات میں رقت آمیز مناظردیکھنے کو ملے۔ جیفارا جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں، اور اپنی بیٹیوں سے گلے لگ کر آبدیدہ ہوگئیں۔