Sunday, May 5, 2024

بی جے پی رہنما سبرامنین سوامی نے بھارتی سیاست کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا

بی جے پی رہنما سبرامنین سوامی نے بھارتی سیاست کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا
January 4, 2019
نیو دہلی (92 نیوز) بھارت میں مودی سرکار کا پاکستان کے خلاف جنگی جنون پر بی جے پی رہنما سبرامنین سوامی نے اپنی ہی جماعت کی الیکشن پالیسی کا بتا کر بھارتی سیاست کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا۔ کشمیریوں کا قتل عام ، بھارت میں مسلمانوں سے انسانیت سوز سلوک ، سرحد پر بھارتی اشتعال انگیزیاں اور سرجیکل اسٹرائیک کی دھمکیاں ۔ مودی سرکار نے عوامی جذبات بھڑکا کر ووٹ بینک بڑھانے اور الیکشن جیتنے کیلئے طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت مسلمانوں پر زمین تنگ کر دی۔ یہ انکشاف کسی اور نے نہیں بلکہ مودی کی پارٹی بی جے پی کے مرکزی رہنما سبرا منین نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کیا ہے۔ سبرا منین کا کہنا تھا دو ہزار چودہ کےانتخابات جیتنے کےلیے مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کو استعمال کیا۔ بی جے پی کے رہنما اور مودی کے ساتھی سبرا منین سوامی نے اعتراف کیا ہے کہ  دوہزارچودہ میں آرایس ایس کے ساتھ مل کر  ہندؤوں کو اکٹھا کرنے اور مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی حکمت عملی بنائی۔ تین طلاقوں کا مسئلہ کھڑا کرکے مسلمان خواتین کا ووٹ  بینک الگ  کیا گیا۔ ہندو انتہا پسند رہنما  کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کا ووٹ بینک تقسیم کرکے الیکشن میں اکثریت حاصل کی۔ سبرامنین سوامی  نے مذہبی منافرت اور فرقہ وارانہ سازش کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ  بی جے پی گورننس اور کارکردگی  کی بنیاد پر نہیں ہندؤوں کے جذبات سے کھیل کر جیتی۔ بی جے پی رہنما نے مذہبی منافرت پھیلانے پر ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ   ہندووتہ اصل میں ہندؤوں کی خود مختاری اور ہندو ہونے پر فخر کی بحالی ہے۔ مودی حکومت کو ہندووتہ کو مزید پھیلانا اور اجاگر کرنا چاہیے تھا۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کو  یہ لڑائی لڑنے پر مبارکباد دیتے ہیں۔ سبرا منین سوامی نے مودی کو آئندہ الیکشن جیتنے کےلیے بھی مذہبی منافرت اور فرقہ واریت  کے استعمال کا مشورہ  دے دیا اور کہا کارکرگی اور گورننس سب کہنے کی باتیں ہیں۔ بھارت کی جانب سے پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے اور دھمکیاں بھی الیکشن میں سیاسی فائدہ حاصل کرنے کےلیے  دی گئیں۔