Friday, March 29, 2024

بی بی شہید کے بچے کو جیل یا گرفتاری سے ڈرایا نہیں جاسکتا،بلاول بھٹو

بی بی شہید کے بچے کو جیل یا گرفتاری سے ڈرایا نہیں جاسکتا،بلاول بھٹو
June 10, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے والد اور سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنے مؤقف پر کمپرومائز نہیں کرے گی اور بی بی شہید کے بچے کو جیل یا گرفتاری سے ڈرایا نہیں جاسکتا۔ بلاول بھٹو زرداری کو  قومی اسمبلی میں بولنے کو موقع نہ ملا تو پریس کانفرنس بلا لی اور اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے استعفے کا مطالبہ  بھی کردیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ قومی اسمبلی میں دوسری مرتبہ مجھے بولنے نہیں دیا گیا، گزشتہ سیشن میں بھی اسپیکر نےمجھے نہیں بولنے دیا، آج بھی وعدے کے باوجود بولنے نہیں دیا، دوسری طرف تین وزراء کو بات کرنے کا موقع دیا گیا۔ بلاول نے کہا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو مستعفی ہونا چاہیے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا رویہ قابل مذمت ہے، میری ذات کی بات نہیں، ایک ممبرقومی اسمبلی کوبات نہیں کرنےدی گئی، یہ میرے حلقے کے عوام کی توہین ہے۔ بلاول نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر بھی پابندی لگارہی ہے، عمران خان کے نئے پاکستان میں کیا فرق ہے؟ صرف اپوزیشن کا احتساب ہونا سیاسی انتقام کہلاتا ہے، علیمہ خان کوکلین چٹ مل گئی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مارتے رہنا اور رونے بھی نہ دینے والا رویہ پرویز مشرف کے دورمیں بھی نہیں تھا، ملک کے ہر شہری کو منصفانہ ٹرائل کا حق حاصل ہے، قانونی اور انسانی حقوق پرحملے کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد آصف زرداری عدالتوں کا سامنا کرنےکوتیار ہیں، ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، میں نےکہا تھا کہ مہنگائی پر حکومت کےخلاف عید کے بعد احتجاج کریں گے، ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کو گرانےکا حق عوام کےپاس ہے۔