Saturday, April 20, 2024

بی بی سی کی بھارتی تشدد کے شکار کشمیریوں پر تہلکہ خیز رپورٹ جاری

بی بی سی کی بھارتی تشدد کے شکار کشمیریوں پر تہلکہ خیز رپورٹ جاری
August 31, 2019
 لندن (92 نیوز) برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے بھارتی تشدد کے شکار کشمیریوں پر تہلکہ خیز رپورٹ جاری کر دی۔ زخموں سے چور کشمیری کہتے ہیں قابض فورسز انہیں انسان نہیں جانور سمجھتی ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارہ مظلوم کشمریوں کی آواز بن گیا۔ بھارتی ظلم و ستم کی ایک اور بھیانک داستان بے نقاب ہو گئی۔ بی بی سی کی رپورٹ میں زخموں سے چور کشمیریوں کو دکھایا گیا ہے جن کے جسم قابض فورسز کی بربریت کا کھلا ثبوت پیش کر رہے ہیں۔ ان کی تصاویر اور ویڈیو نے دیکھنے والوں کو ہلا ڈالا ہے۔ تشدد کا شکار ایک کشمیری بتاتا ہے کہ بھارتی فورسز نے اس کے جسم کے ہر حصے پر مارا جب وہ بے ہوش ہو جاتا تو اسے بجلی کے جھٹکے دے کر ہوش میں لایا جاتا اور جب چیختا تو اس کے منہ میں مٹی بھر دیتے۔ ظلم کی یہ داستان اتنی خوفزدہ تھی کہ مظلوم کشمیری خود کو گولی مار دینے کیلئے چلا اٹھے تھے۔ ایک اور کشمیری درندہ صفت فورسز کی داستان بیان کرتا ہے جس کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز کشمیریوں کو انسان نہیں سمجھتے۔ انہیں ایسے مارتے تھے جیسے جانوروں کو مارا جاتا ہے۔ بی بی سی اس سے قبل بھی مقبوضہ کشمیر کی اندورنی صورتحال پر رپورٹس دے چکا ہے لیکن خودغرض بھارت ان سب کو ڈھٹائی سے مسترد کرتا آرہا ہے۔