Thursday, April 25, 2024

بی بی سی رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں !!! تحقیقات کے بعد کارروائی کا فیصلہ کرینگے: دفترخارجہ

بی بی سی رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں !!! تحقیقات کے بعد کارروائی کا فیصلہ کرینگے: دفترخارجہ
June 25, 2015
اسلام آباد (92نیوز) بھارت کی طرف سے ایم کیو ایم کی مالی مدد کرنے کی رپورٹ پر پاکستان نے نوٹس لے لیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کسی بھی دوسرے ملک میں مداخلت خطے کے امن کےلئے خطرہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو بھارتی فنڈنگ کے حوالے سے بی بی سی کی رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں، تحقیقات کے بعد کارروائی کا فیصلہ کریں گے، دوسرے ممالک میں مداخلت خطے میں امن کیلئے خطرہ ہے۔ بھارت کی طرف سے مذاکرات بحالی کا کوئی اشارہ نہیں ملا، افغانستان کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے۔ دفترخارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان خلیل اللہ قاضی نے کہا کہ بی بی سی رپورٹ میں لگائے گئے الزامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پاکستان بہترین ہمسائیگی کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ذریعے پاکستان پر پابندیاں لگوانے کی ناکام کوشش کے بعد بھارتی وزارت خارجہ نے چین کومورد الزام ٹھہرانے کے حوالے سے جو بیان جاری کیا وہ حقائق کے برعکس ہے۔ بھارت خود اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ہے۔ افغانستان کی جانب سے افغان پارلیمنٹ پر حملے کا الزام پاکستان پر لگائے جانے کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کا خیرخواہ ہے، پاکستان نے افغان پارلیمنٹ پرحملے کی مذمت کی ہے۔ واضح کرنا چاہتے ہیں افغانستان کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ بھارت کی طرف سے مذاکرات کی بحالی کا کوئی اشارہ نہیں ملا، بھارتی سیکرٹری خارجہ نے دورہ پاکستان کے دوران کہا تھا کہ وہ واپس جا کر مذاکرات کی بحالی کا بتائیں گے تاہم ان کی طرف سے ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا۔