Friday, March 29, 2024

بی این پی مینگل گروپ کے وفد کی عمران خان سے ملاقات، چھ نکاتی مطالبات کی منظوری کا مطالبہ

بی این پی مینگل گروپ کے وفد کی عمران خان سے ملاقات، چھ نکاتی مطالبات کی منظوری کا مطالبہ
June 26, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل گروپ کے وفد کی عمران خان سے ملاقات ہوئی جس میں چھ نکاتی مطالبات کی منظوری کا مطالبہ کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان سے بلوچستان نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی نے اختر مینگل کی سربراہی میں ملاقات کی۔ وفد میں آغا حسن بلوچ، محمد ہاشم ، پروفیسر شہناز بلوچ اور ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی شامل تھے۔ حکمران جماعت کی جانب سے جہانگیر ترین، وزیر دفاع پرویز خٹک، ڈپٹی اسپیکر محمد قاسم سوری، وزیر اعظم کے مشیر شہزاد ارباب اور معاون خصوصی ندیم افضل چن شریک ہوئے۔ بی این پی مینگل نے حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے حوالے سے پیش رفت نہ ہونے کا شکوہ کیا اور تحفظات دور کرنے سمیت 6 نکاتی مطالبات کی فوری منظوری کا مطالبہ دہرایا۔ دو گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں وزیراعظم نے اختر مینگل کو مطالبات کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے دونوں جماعتوں کے درمیان قائم رابطہ کمیٹی کو تحفظات فوری دور کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم آفس کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان گذشتہ دس ماہ میں جو مشکلات سامنے آئی ہیں ان کے حل کے لیے طریقہ کار مرتب کر لیا گیا ہے۔ ملاقات کے اختتام پر جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بی این پی اور حکومتی جماعت کے درمیان دوریاں ختم کرنے کی جامع منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔ لاپتہ افراد کے معاملے میں بہت جلد پیشرفت ہو گی۔ بلوچستان کا وفاقی ملازمتوں میں 6 فیصد کوٹے پر بھی اتفاق ہو گیا ۔ انھوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ ملنا بی این پی کا حق ہے۔