Friday, May 17, 2024

بی آرٹی اور مالم جبہ پر ایکشن کو تیار،اسٹے آرڈر کے باعث رکے ہیں ،چیئرمین نیب

بی آرٹی اور مالم جبہ پر ایکشن کو تیار،اسٹے آرڈر کے باعث رکے ہیں ،چیئرمین نیب
December 9, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ بی آر ٹی اور مالم جبہ پر ایکشن کیلئے تیار ہیں، صرف  اسٹے آرڈر کی وجہ سے رکے ہیں، بیرون ملک سے 39 ارب روپے کی واپسی کا کریڈٹ نیب کو جاتا ہے،منی لانڈرنگ کھربوں کے حساب سے ہے جس میں بےشمار لوگ ملوث ہیں ، عوام کے پیسے سے دبئی میں بڑے بڑے ٹاور خریدے گئے، حکومت کا صرف یہ کریڈٹ ہے کہ نیب کے کام میں مداخلت نہیں کررہی، چیئرمین نیب کو بُرا بھلا کہنے کا کوئی فائدہ نہیں اپنا دفاع مضبوط کریں۔  چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ ہر پاکستانی کا فرض ہے ۔ کسی ادارے پر تنقید کا ارادہ نہیں ، جب خود شیشے کے گھر  میں رہتے ہوں تو کسی پر سنگ باری نہیں کرتے ، کرپشن کے خاتمے کیلئے پہلی اینٹ رکھ دی، منزل کا تعین کرلیا ، کوئی دھمکی ، دشنام طرازی  نیب کی راہ میں رکاوٹ نہیں ، ستر سال کا مرض ہے اس سے شفایاب ہونے کے لئے نیب کا ساتھ دینا ہوگا۔ جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا کہ ہمیں رول آف لاء کا تصور کسی بادشاہت نے نہیں بخشا ، قانون کی حکمرانی اس وقت ہوتی ہے جب قانون سازی ہوتی ہے ، قانون سازی صرف اور صرف پارلیمنٹ کا کام ہے ،  پارلیمنٹ کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب یہ نہیں سوچے گا کہ کوئی ارباب اختیار ہے،  حکومتیں آتی جاتی ہیں، یہ نظریاتی ریاست ہے، اس نے قائم و دائم رہنا ہے،شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ملکی مفاد کو مدنظر رکھیں، کہا جاتا ہے نیب کا رخ ایک طرف ہے،  پچھلی بار مجبوراً کہنا پڑا کہ ہواؤں کا رخ بدلنے لگا ہےایک طرف تیس سال اور دوسری طرف پندہ مہینے ہیں ۔ چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ حکومت ہو یا اپوزیشن، کسی سے دوستی ہے نہ دشمنی،  جس نے جو کیا ہے اسے بھرنا پڑے گا۔ وزرا سے گزارش ہے پیش گوئیوں سے گریز کریں،  بدعنوانی کینسر ہے، نیب اپنی قابلیت کے مطابق سرجری کر رہا ہے چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ماضی میں کسی ادارے کی جرات نہیں تھی کہ بڑےلوگوں کو پوچھا جاتا،  ماضی میں لوگوں نے بڑے بڑے چھکے مارے ،آج عدالتوں سے ضمانتوں کیلئے کوشاں ہیں۔