Friday, May 10, 2024

بی آر ٹی منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات رکوانے کیلئے پی ڈی اے متحرک

بی آر ٹی منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات رکوانے کیلئے پی ڈی اے متحرک
December 24, 2019
پشاور ( 92 نیوز) پشاور ہائی کورٹ کے احکامات پر ایف آئی اے کی ٹیم نے بی آر ٹی میں کرپشن کی باضابطہ تحقیقات کا آغاز کیا تو پی ڈی اے بھی حرکت میں آ گئی اور تحقیقات رکوانے کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔  گزشتہ روز 4 ممبران پر مشتمل ایف آئی اے کی ٹیم کئی گھنٹے پی ڈی اے کے دفتر میں موجود رہی اور ریکارڈ تحویل میں لیا۔ پشاور ہائی کورٹ نے بی آر ٹی میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی کے لئے ایف آئی اے کو حکم دیا تو ایف آئی کی ٹیم تحقیقات کے لئے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر پہنچ گئی۔ ایف آئی اے  کی ٹیم نے جملہ دستاویزات تحویل میں لیتے ہوئے باقاعدہ طور پر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پشاور ڈولپمنٹ اتھارٹی نے ریکارڈ اور دستاویزات کی فراہمی کے لئے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن عالم زیب خان کو ایف آئی اے کیس کے لئے فوکل پرسن مقرر کر دیا۔ دوسری جانب ایف آئی اے کی جانب سے انکوائری شروع ہوتے ہی خیبر پختونخوا حکومت سپریم کورٹ پہنچ گئی اور ایف آئی کی تحقیقات سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کر دیا۔ خیبر پختونخوا حکومت نے بی آر ٹی سے متعلق نیب کی انکوائری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا اور اس سلسلے میں حکم امتناعی بھی حاصل کر لیا تھا، حکومت کے بقول انکوائری کو چیلنج کرنے کا مقصد بی آر ٹی منصوبے میں مزید تاخیر کو روکنا ہے۔