Friday, April 26, 2024

بہت پہلے بتا دیا تھا کرپٹ مافیا اپنی کرپشن بچانے کیلئے سڑکوں پر نکلے گا، وزیر اعظم

بہت پہلے بتا دیا تھا کرپٹ مافیا اپنی کرپشن بچانے کیلئے سڑکوں پر نکلے گا، وزیر اعظم
November 5, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا بہت پہلے بتا دیا تھا کرپٹ مافیا اپنی کرپشن بچانے کیلئے سڑکوں پر نکلے گا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ختم ہو گیا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کہا حکومتی معاشی پالیسی سے کرنٹ اکاونٹ خسارے میں 32 فیصد کمی آئی۔ حکومت سنبھالی تو 20 ارب ڈالر کا کرنٹ خسارہ ورثے میں ملا۔ گزشتہ سال خسارہ 13 ارب ڈالر تھا اس سال 7 ارب ڈالر تک لایا گیا۔ انہوں نے کہا بہت پہلے بتا دیا تھا کرپٹ مافیا سڑکوں پر نکلے گا۔ ان کا مقصد صرف اپنا مفاد اور کرپشن کا تحفظ ہے۔ حکومت کی کامیابی سے ان کی سیاسی دکانیں بند ہو جائیں گی۔ کرپٹ مافیا ملک میں افراتفری اور غیر یقینی پھیلانا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ استعفے اور نئے انتخابات پر بات نہیں ہو گی۔ معاملہ سیاسی طور پر حل کرنا چاہتے ہیں۔