Friday, April 26, 2024

بہت جلد ڈینگی پر مکمل طور پر قابو پا لیں گے، ڈاکٹر ظفر مرزا

بہت جلد ڈینگی پر مکمل طور پر قابو پا لیں گے، ڈاکٹر ظفر مرزا
September 22, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا بہت جلد ڈینگی پر مکمل طور پر قابو پا لیں گے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ملک بھر میں دس ہزار ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے ڈینگی مریضوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کر دیا اور کہا پنجاب میں ڈینگی کے 2363، سندھ 2258 جب کہ خیبر پختونخوا میں 1514 مریض ہیں۔ پنجاب میں 70 فیصد ڈینگی مریضوں کا تعلق پوٹھوہار سے ہے۔ ڈاکٹر ظفر مراز نے ڈینگی کو کنڑول کرنے کیلئے حکومتی اقدامات بارے بھی آگاہ کیا اور اپوزیشن کو ڈینگی پر سیاست سے اجتناب کا مشورہ بھی دیا۔ انہوں نے کہا ڈینگی کی صورتحال پر مکمل نظر ہے، حکومت ڈینگی کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا اسلام آباد میں ڈینگی کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر بنا دیا گیا ہے جب کہ صوبے بھی اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔  بعض سیاسی جماعتیں ڈینگی کے معاملے پر سیاست کررہی ہیں ۔ ڈینگی کے مسئلے کو سیاسی جماعتیں فٹ بال نہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت یونیورسل ہیلتھ کئیر کوریج کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں دانتوں کی لیبارٹری کے قیام اور شاہ اللہ دتہ میں ہیلتھ یونٹ کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔