Sunday, May 19, 2024

بہت جلد پاکستان میں مہنگائی کم ہو جائے گی، وزیراعظم عمران خان

بہت جلد پاکستان میں مہنگائی کم ہو جائے گی، وزیراعظم عمران خان
October 4, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں بہت جلد پاکستان میں مہنگائی کم ہو جائے گی، ہمیں معلوم ہے مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کو تکلیف ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے آج ’’ کامیاب پاکستان پروگرام ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان سب سے کم قیمت پر پٹرول بیچ رہا ہے، تبدیلی لانے میں بہت زیادہ مزاحمت ہوتی ہے۔ کامیاب جوان پروگرام انقلاب لے کر آئے گا۔ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت 37 لاکھ گھرانوں کو 1400 ارب کے قرضے دیئے جائیں گے۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے ایک بیان میں کہا کہ کامیاب جوان پروگرام غربت کے خاتمے کے لئے حکومت کی کوششوں کے سلسلے کا ایک اہم اقدام ہوگا، جس کے تحت معاشرے کے محروم طبقات کو بااختیار بناکر ان کا طرز زندگی بہتر بنایا جاسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام غریب اور نادار طبقے کے لئے حکومت کے احساس ذمہ داری کا عملی اظہار ہے۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ پانچ نکاتی کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت کسان کسی شرح منافع کے بغیرقرضے لے سکیں گے اور مکانات کی تعمیر کے لئے آسان اقساط پر قرضے دیئے جائیں گے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہنرمند افراد کے لئے سکالر شپ سکیم اور صحت انصاف کارڈ کو کامیاب پاکستان پروگرام سے منسلک کرنا بھی اسی اقدام کا حصہ ہے۔