Wednesday, April 24, 2024

بہاولپور میں بچی پولیو کا شکار ہو گئی

بہاولپور میں بچی پولیو کا شکار ہو گئی
November 5, 2019
بہاولپور ( 92 نیوز) بہاولپور میں والدین کی ذرا سی غفلت کے باعث سات سالہ بچی پولیو وائرس کا شکار ہو گئی ،  والدین نے ایک سال تک محکمہ صحت کی ٹیموں سے بچی کو قطرے ہی نہیں پلوائے ۔ پولیو فری پاکستان کیلئے ویکسین کے صرف دو قطرے پلانے  کافی ہیں جو والدین کی بڑی ذمہ داری ہے ، لیکن بہاولپور میں والدین کی لاپرواہی نے سات سالہ بچی سے زندگی کی رعنائیاں چھین لی ، والدین نے ایک سال تک محکمہ صحت کی ٹیموں سے بچی کو قطرے ہی نہیں پلوائے ۔ بچی کی والدی نے محنت مزدوری کے لئے دوسرے شہروں کو سفر کو قطرے نہ پلانے کا عذر  قرار تو دے دیا لیکن اب اس غفلت کی سزا زندگی بھر اس معصوم بچی کو برداشت کرنا پڑ رہی ہے ۔ محکمہ صحت پولیو مہم کے انچارج ڈاکٹر ذاکر کا کہنا ہے کہ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ٹیم نے علاقے میں پولیو وائرس کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا تھا،اس کے باوجود بھی ٹبہ بدر شیر کے علاقے میں کچھ والدین نے اپنی ذمہ داری کا احساس نہیں کیا ۔ والدین کی ذمہ داری ہے کہ جہاں وہ بچوں کی خاطر دوسرے امور سرانجام دیتے ہیں  وہیں کچھ وقت وہ انہیں انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلوانے کے لیے بھی نکال لیا کریں تاکہ معصوم بچے کہیں ہمیشہ کے لیے محرومی کا شکار نہ ہوجائیں اور پولیو فری پاکستان کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوجائے۔