Saturday, April 20, 2024

بہاولپور: بلدیاتی الیکشن کے تیسرے مرحلے کیلئے پولنگ کا عمل جاری، متعدد پولنگ سٹیشنز پر امیدواروں اور حامیوں کے درمیان تلخ کلامی، پولنگ کا عمل متاثر

بہاولپور: بلدیاتی الیکشن کے تیسرے مرحلے کیلئے پولنگ کا عمل جاری، متعدد پولنگ سٹیشنز پر امیدواروں اور حامیوں کے درمیان تلخ کلامی، پولنگ کا عمل متاثر
December 5, 2015
بہاولپور (نائنٹی ٹو نیوز) جنوبی  پنجاب کے اہم ضلع بہاولپور میں بلدیاتی الیکشن کے تیسرے مرحلے کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ متعدد پولنگ اسٹیشنز میں امیدواروں اور حامیوں کے درمیان تلخ کلامی کے باعث پولنگ کا عمل روکنا پڑا۔ ضلع کونسل کی اٹھاسی میونسپل کارپوریشن کی اکیس اور پانچ یونین کونسل کے ایک سو ستائیس چئیرمین، وائس چئیرمین اور وارڈز کے لیے انتخاب کا عمل جاری ہے۔ پولنگ کا عمل پرامن ماحول میں شروع ہوا مگر مختلف علاقوں میں نون لیگ اور پی ٹی آئی کے امیدواروں اور حامیوں نے ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزمات لگائے جس کے باعث پولنگ  کا عمل متاثر ہوا۔ یو سی پانچ میں خواتین کے پولنگ اسٹیشن گورنمٹ گرلز سکول ماتما میں تحریک انصاف کے امیدواروں نے خواتین پر لیگی امیدواروں کے لیے زبردستی ووٹ ڈالوانے  کا الزام لگایا، تلخ کلامی کے بعد وہاں ایک گھنٹہ پولنگ رکی رہی۔ اسی طرح یو سی چودہ جمال چنڑ کے پولنگ اسٹیشن نورپور پر پی ٹی آئی کی خاتون پولنگ ایجنٹ پر زبردستی ٹھپے لگانے کا الزام لگایا گیا جبکہ وارڈ ایک اور وارڈ دو میں  بیلٹ پیپر تبدیل ہونے پر انتخابی عمل ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ وتعلیم  بلیغ الرحمان اولڈ عباسیہ سکول میں ووٹ ڈالنے آئے تو پی ٹی آئی کارکنوں نے گو نواز گو کے نعرے لگانا شروع کر دیے۔ بہاولپور میں مجموعی طور پر آٹھ سو نوے نشستوں کے لیے تین ہزار دو سو بہتر امیدوار میدان میں ہیں۔ سولہ لاکھ  اکتالیس  ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔