Sunday, September 8, 2024

بہاولپور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جیلوں میں دو قاتل اپنے انجام کو پہنچ گئے

بہاولپور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جیلوں میں دو قاتل اپنے انجام کو پہنچ گئے
January 12, 2016
بہاولپور / ٹوبہ ٹیک سنگھ (92نیوز) بہاولپور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جیلوں میں آج قتل کے دو مجرموں کو پھانسی دیدی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بہاولپور کی نیو سنٹرل جیل میں قتل کے مجرم کو پھانسی دی گئی۔ مجرم رشید احمد نے 2004ءمیں زمین کے تنازع پر ایک شخص کو قتل کردیا تھا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 23سال سے جیل میں قید سزائے موت کے قیدی محمد سردارعلی کو ڈسٹرکٹ جیل میں پھانسی دی گئی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی چک نمبر 358 گ ب مغلی کے رہائشی ریٹائرڈ فوجی محمد سردار علی ولد سلیمان نے 2دسمبر 1993ءکو ضمنی الیکشن کے موقع پر انتخابی رنجش کی بنا پر اپنے ہی گاو¿ں کے امان اللہ ولد محمد شفیع کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا جس پر تھانہ رجانہ پولیس نے ملزم کے خلاف زیر دفعہ 302/34 ت پ مقدمہ نمبر 362/93 درج کرکے چالان عدالت میں پیش کررکھا تھا ۔ مقدمہ کی سماعت مکمل ہونے پر اس وقت کے ایڈیشنل سیشن جج ٹوبہ ٹیک سنگھ مسٹر محمد خلیل چوہدری نے 4دسمبر 1996ءکو محمد سردار علی کو سزائے موت کا حکم سنایا۔ سردار علی نے اپنی سزا کے خلاف عدالت عالیہ لاہور میں اپیل دائر کی جو 8اکتوبر 2001ءکو خارج ہوگئی۔ سردار علی نے عدالت عالیہ لاہور کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی مگر وہاں سے بھی 22جون 2007ءکو اپیل خارج ہوگئی جس پر سردار علی نے 3اگست 2009ءکو صدرمملکت کو رحم کی اپیل بذریعہ سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ بھجوائی جو 8دسمبر 2015ءکو وہاں سے مسترد ہوگئی جس پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد یار ولانہ نے سردار علی کی سزا پر عملدرآمد کیلئے 12جنوری منگل کا دن مقرر کیا تھا۔ آج منگل کی صبح کو مجسٹریٹ درجہ اول‘ میڈیکل آفیسر اور سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل سمیت دیگر متعلقہ حکام کی موجودگی میں سردار علی کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔