Friday, April 19, 2024

بہاولنگر : 80امیدوار بلامقابلہ کامیاب‘ تین ہزار ایک سو بیالیس امیدوار آمنے سامنے

بہاولنگر : 80امیدوار بلامقابلہ کامیاب‘ تین ہزار ایک سو بیالیس امیدوار آمنے سامنے
October 31, 2015
بہاولنگر (92نیوز) لوکل باڈی الیکشن کے پہلے مرحلے میں ضلع بہاو لنگر میں بھی سیاسی میدان سج گیا۔ الیکشن کمیشن کی جزوی بدانتظامی‘ پولنگ کا عمل ساڑھے سات بجے شروع نہ ہو سکا،سکیورٹی ادارے الرٹ، امیدواروں کے کیمپوں میں حامیوں کی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اکتیس اکتوبر کے بلدیاتی دنگل میں بہاول نگر ضلع کی چھ میونسپل کمیٹیوں کے 139 وارڈز اور 135یونین کونسلوں کے لیے 3142 امیدوار آمنے سامنے جبکہ 80امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ کامیاب قرار دئیے جاچکے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے عملہ کی بدانتظامی کے باعث پولنگ کا عمل ساڑھے سات بجے شروع نہ ہوسکا۔ ضلع بھرمیں بارہ لاکھ پینسٹھ ہزار اور نو سو اٹھارہ ووٹرز کے حق رائے دہی کے لیے قائم 1102 پولنگ سٹیشن اور 3444 پولنگ بوتھ میں سے 54 انتہائی حساس جبکہ 84 پولنگ سٹیشن قدرے کم حساس قرار دئیے گئے ہیں۔ شفاف انتخابی عمل اور امن وامان کے قیام کے لیے سکیورٹی ادارے الرٹ اور ضلع بھر میں آٹھ ہزار اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔ پولنگ سٹیشنوں سے متعین فاصلوں پر امیدواروں کے کیمپ سجے ہوئے ہیں جہاں ان کے حامی خواتین وحضرات ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے میں معاونت کر رہے ہیں۔