Friday, March 29, 2024

بہاماس لیکس : ایف بی آر‘ ایس ای سی پی اور سٹیٹ بینک کو تحقیقات کی ہدایت

بہاماس لیکس : ایف بی آر‘ ایس ای سی پی اور سٹیٹ بینک کو تحقیقات کی ہدایت
September 22, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ بہاماس لیکس پر پوری کارروائی ہو گی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایف بی آر اور سٹیٹ بینک کو فوری تحقیقات کی ہدایت کر دی۔ کہتے ہیں بہاماس لیکس میں جن کا بھی نام آیا اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس کا شور ابھی تھما نہیں تھا کہ بہاماس لیکس نے ہنگامہ مچا دیا۔ اس لیکس میں بھی پاکستانی کسی سے پیچھے نہیں۔ سیکڑوں آف شور کمپنیوں کا انکشاف ہوا اور 150 پاکستانیوں کا نام بھی آ گیا۔ وفاقی حکومت بھی ان انکشافات پر فوری حرکت میں آئی اور اعلان کردیا کہ بہاماس لیکس میں جن جن کا نام آیا ہے سب کےخلاف کارروائی ہو گی۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار اس معاملے میں کافی متحرک ہو چکے ہیں اسی لئے تو انہوں نے ہدایت کی ہے کہ بہاماس لیکس میں جو بھی شخصیت یا کمپنی شامل ہے کارروائی کی جائے۔ کہتے ہیں تحقیقات فوری شروع کی جائیں۔ ایف بی آر‘ سٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی بلاامتیاز کارروائی کرے۔ اسحاق ڈار نے متعلقہ اداروں کو یہ بھی ہدایت کی کہ بہاماس لیکس کےخلاف کارروائی کےلئے قانون کو مدنظر رکھا جائے۔