Friday, September 20, 2024

بہار کی دستک سے غنچے کھلنے لگے

بہار کی دستک سے غنچے کھلنے لگے
March 5, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ملک بھر میں موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی درختوں پر سبز کونپلیں پھوٹنے لگی ہیں جبکہ پھول دار پودوں پر بھی ننھی کلیاں بہار کی آمد کا نقارہ بجانے لگی ہیں۔ اسلام آباد شہر اور دامن کوہ کے پہاڑوں نے سبز پیراہن اوڑھنا شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہر موسم کے اپنے اپنے رنگ ہیں۔ جو گزرتے وقت کے ساتھ بدلتے رہتے ہیں۔ لیکن موسم بہار جب آتا ہے تو ایسا محسوس ہوتا ہے خوشی کے مارے دھرتی بھی جھومنے لگی ہے۔ درختوں، پودوں اور پھولوں پر چڑھتا جوبن دیکھنے والوں کو بھی مسحور کر دیتا ہے۔ spring-1   چہارسو ہریالی ہی ہریالی‘ رنگ ہی رنگ بکھر جاتے ہیں اور بہار بغیر کچھ کہے خود کومنوا لیتی ہے۔ اسلام آباد میں جب بادل چھا جائیں تو ہواﺅں میں بھی خوشبو رس بس جاتی ہے۔ پودے جھوم جھوم کر موسم بہار کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ کلیاں اور غنچے چٹک چٹک کر خوشبو بکھیرتے ہیں اور پھول اپنے رنگ دھرتی پر بکھیر کر موسم بہار کے آنے کا اعلان کرنے لگتے ہیں۔ spring-3 جب بہار کا موسم اسلام آباد جیسے قدرتی شہر پر اپنا حسن بکھیر دے تو اس شہر کی خوبصورتی کو بھی چار چار چاند لگ جاتے ہیں۔ یوں محسوس ہو تا ہے کہ قدرت نے کمال مہربانی کی حد کرتے ہوئے اس شہر پر اپنی فیاضیوں کی حد کر دی ہے۔