Friday, April 26, 2024

بھاگ ناڑی کے شہریوں کا صاف پانی کیلئے احتجاج ‏

بھاگ ناڑی کے شہریوں کا صاف پانی کیلئے احتجاج ‏
March 31, 2019

بھاگ ناڑی  ( 92 نیوز) بھاگ ناڑی  کے عوام کی قسمت نہ بدلی ، احتجاج، لانگ مارچ، سابق چیف جسٹس کے نوٹس کے باوجود معاملہ جوں کا توں ہے ، شہریوں نے صاف پانی کیلئے احتجاج بھی کیا۔

بھاگ ناڑی  میں  اہم معاملے پر صوبائی حکومت اور مقامی انتظامیہ مجرمانہ خاموشی کی مرتکب ہو رہی ہے، اہل علاقہ کا کوئٹہ پریس کلب کے باہر تا دم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ چوتھے روز بھی جاری رہا جس میں  متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی ہے ۔

بھاگ ناڑی  میں  ایک ہی جوہڑ سے انسان اورجانوروں کے پانی پینے سے عوام مختلف امراض کا شکار ہونے لگے تو اپنے پیاروں کی زندگیاں بچانے کے لئے بھاگ کو پانی دو تحریک کے کارکن ایک مرتبہ پھر کوئٹہ پہنچ گئےاور پریس کلب کے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کر دیا۔

گزشتہ چار روز سے جاری کیمپ میں بیٹھے مظاہرین کی حالت اب غیر ہونے لگی ہے مگر ان کی فریاد سننے کوئی حکومتی نمائندہ نہ آیا جس پر مظاہرین نے افسوس کا اظہار کیا۔

مظاہرین  نے کہا کہ حکومت نےسابق چیف  جسٹس آف پاکستان کے احکامات پر بھی عمل نہ کیا ، ہمارے علاقے کے ایم پی اے بھی خاموش ہیں مگر ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔