Friday, March 29, 2024

آٹا، بجلی، پٹرول مہنگی کرنے والی حکومت سرٹیفائیڈ چور ہے، مریم نواز

آٹا، بجلی، پٹرول مہنگی کرنے والی حکومت سرٹیفائیڈ چور ہے، مریم نواز
September 23, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز وزیراعظم پر برس پڑیں، کہتی ہیں کہ، بھاشن سنتے سنتے کان پک گئے، آٹا، بجلی، پٹرول مہنگی کرنے والی حکومت سرٹیفائیڈ چور ہے۔

لاہور میں ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ، آپ کو اپنی چوری کا حساب دینا ہوگا، آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کو ٹکٹ لینے والے بھی نہیں ملیں گے۔

مریم نواز نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین دھاندلی کا نیا پلان قرار دے دیا۔ مزید بولیں چیئرمین نیب کی توسیع سامنے آئی تو ردعمل دیں گے، باقی کسی ایکسٹینشن کے گناہ میں وہ شامل نہیں تھیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ، ہم خاموش نہیں ہیں اپوزیشن کو عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور آواز اٹھانی چاہیے۔ حکومت کی نااہلی کی نشاندہی پر اپوزیشن پر چڑھائی کردی جاتی ہے۔

اس سے قبل ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلیوں پر جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی۔ دوران سماعت مسلم لیگ ن کے رہنماء عطا تارڑ نے عدالت کو بتایا کہ مریم نواز نے عرفان قادر کو اپنا نیا وکیل کیا ہے۔ کیس سٹڈی کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا جائے۔

اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آپ کو نہیں بلکہ عرفان قادر کو پیش ہو کر خود وقت مانگنا چاہیے تھا۔ تاثر جارہا ہے آپ تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔

جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ امجد پرویز کو ایک درخواست اور میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنا چاہیے تھا۔ وقت دے دیتے ہیں لیکن عرفان قادر عدالت میں خود پیش ہو کر بتائیں کہ وقت چاہیے۔

عدالت نے مریم نواز کے وکیل کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔