Thursday, April 18, 2024

بھاری ٹیکسوں اور لیوی کے باعث پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان

بھاری ٹیکسوں اور لیوی کے باعث پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان
August 28, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) بھاری ٹیکسوں اور لیوی کے باعث پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ یکم ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات 5 روپے فی لٹر تک مہنگی ہو سکتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول ساڑھے چار روپے فی لٹر  اور ہائی سپیڈ ڈیزل 5 روپے فی لٹر تک مہنگا ہوسکتا ہے جس کی وجہ پٹرولیم لیوی اور بھاری ٹیکسز ہیں، تاہم اوگرا کی جانب سے سمری کے بعد حکومت 31 اگست کو نئی قیمتوں کا تعین کرے گی۔ دوسری جانب آئل ریفائنریوں نے یکم ستمبر سے پرائسنگ اور معیار پر حکومتی فیصلہ تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ پارکو، بائیکو، این آر ایل، پی آر ایل اور اٹک ریفائنری نے پٹرولیم ڈویژن کو خط لکھ دیا اور کہا حکومت نے جولائی میں ریفائنریوں سے مشاورت کے بغیر فیصلہ کیا۔ موجودہ شرائط اور فارمولے پر آئل ریفائنریاں بند اور درآمدی بل بڑھ جائے گا۔ پٹرول پر پریمیم میں کمی، کم معیار پر جرمانہ اور پلیٹس فارمولہ قبول نہیں۔ آئل ریفائنریوں نے خط میں واضح کیا کہ سلفر کی مقدار زیادہ ہونے پر جرمانہ قابل قبول نہیں۔ 91رون یا اس سے کم رون پر مزید جرمانہ عائد کرنے کی شرط قبول نہیں۔ آئل ریفائنریوں نے یورو فائیو فیول کیلئے 92 رون کی شرط ختم کرنے اور نئی قیمتوں کے اعلان سے قبل ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔ واضح رہے کہ سیکرٹری پٹرولیم اسد احیاء الدین پارکو ریفائنری بورڈ کے چئیرمین بھی ہیں۔