Sunday, September 8, 2024

بھارٹی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی ،سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر احتجاج

 بھارٹی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی ،سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر احتجاج
August 11, 2015
اسلام آباد(92نیوز)پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے ایل او سی پرسیزفائرمعاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا ہے اقوام متحدہ کے ملٹری مبصرین نے بھارتی سکیورٹی فورسزکی فائرنگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا، پاکستان کی طرف سے کوٹلی کی رہائشی اٹھائیس  سالہ فریدہ کی شہادت پر شدیداحتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ فریدہ بی بی آٹھ اگست کوبھارتی فورسزکی  بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہوگئی تھیں اورزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔ حکومت نے شہید خاتون کے اہل خانہ  سے اظہار افسوس کیا ہے پاکستان نے نواگست کو نکیال سیکٹر میں پاکستانی پوسٹوں کو نشانہ بنانے کے واقعے کی بھی شدید مذمت کی،بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکو بتایا گیا کہ بھارت نے 40 دن میں ایل او سی پر 37 اور ورکنگ باونڈری پر 24 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ پاکستان نے ایل اوسی پر بلااشتعال فائرنگ پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت پرزور دیا ہے کہ وہ خطے میں امن کے قیام کیلئے اس معاہدے کی پابندی کرے۔ دوسری طرف اقوام متحدہ کے ملٹری مبصرین نے سیالکوٹ سیکٹرمیں بھارتی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے  متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ وفد نے کچی مند، مٹھال، کھیری،لونھی اور سکھیال میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ پنجاب رینجرز کے ترجمان میجراسد نے مبصرین کو بریفنگ بھی دی۔