Thursday, April 25, 2024

بھارتی یوم آزادی کو آج دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں

بھارتی یوم آزادی کو آج دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں
August 15, 2021 ویب ڈیسک

سری نگر (92 نیوز) بھارتی یوم آزادی کو آج دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں۔ 

بھارت کا یوم آزادی، کشمیریوں کا یوم سیاہ، اسلام آباد سمیت آزاد کشمیربھر میں بھارت کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ شرکا کی مودی سرکار کے خلاف نعرے بازی کی۔ حریت رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دلائے۔

پاکستان اور آزاد کشمیربھر میں بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جارہا ہے۔ اسلام آباد میں کشمیریوں نے بھارتی سفارتخانے کے باہرشدید احتجاج کیا۔ شرکا نے بازو پرسیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور سیاہ پرچم اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے مودی سرکار اور قابض بھارتی فورسز کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

آزاد کشمیر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ ریاستی دارالحکومت مظفرآباد میں منقسم کشمیری عوام نے بھارت کے خلاف شدید احتجاج کیا مقررین کا کہناتھا کہ بھارتی قابض فورسز نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہےاقوام عالم بھارتی بربریت کا نوٹس لےاورکشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دلائے۔

میرپور میں ضلع کچہری سے چوک شہیداں تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ شرکا نے بھارت کےخلاف اورتحریک آزادی کشمیر کے حق میں نعرے لگائے۔

لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کشمیری بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں، بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کی کال پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ دنیا بھر میں کشمیری بھارتی بربریت کو سامنے لانے کے لئے احتجاجی ریلیاں نکال رہے ہیں۔