Saturday, May 18, 2024

بھارتی یوم آزادی پر موگا میں خالصتان کا جھنڈا لہرا دیا گیا

بھارتی یوم آزادی پر موگا میں خالصتان کا جھنڈا لہرا دیا گیا
August 16, 2020
امرتسر (92 نیوز) بھارتی یوم آزادی پر دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ خود بھارت میں بھی یوم سیاہ منایا گیا۔ امرتسراور بھٹنڈا سمیت کئی مقامات پر سکھ کمیونٹی کی بھارت مخالف ریلیاں نکالی گئیں۔ موگا میں خالصتان کا جھنڈا لہرا دیا گیا، کینیڈا اورجرمنی میں بھی بھارت مخالف مظاہرے ہوئے۔ بھارتی یوم آزادی پر دنیا بھر میں کشمیریوں اور دیگر اقلیتوں نے یوم سیاہ منایا، سکھ کمیونٹی نے کئی شہروں میں ریلیاں نکالیں اورخالصتان زندہ باد کے نعرے لگا دیئے۔ امرتسر اور بھٹنڈا میں بھارت مخالف ریلیاں نکالی گئیں جن میں سکھ کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ سکھ کمیونٹی کا کہنا تھا کہ وہ بھارت کی آزادی کو آزادی نہیں مانتے، کیونکہ انہیں بھارت میں حقوق حاصل نہیں، مظاہرین نے سیاہ اور پیلے جھنڈے اٹھارکھے تھے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ  جب تک انہیں آزادی نہیں ملتی وہ آزادی کاجشن نہیں منائیں گے۔ دوسری جانب جرمن شہر فرینکفرٹ،اطالوی شہر بریشیا اور کینیڈین شہرٹورنٹو میں بھارتی سفارتخانوں کےسامنے بھی خالصتان زندہ باد کے نعرے لگ گئے۔ ادھربھارتی یوم آزادی سے ایک روز قبل بھارت کےضلع موگا میں ڈی سی آفس پر خالصتان کا جھنڈا لہرا دیا گیا، بھارتی میڈیا کے مطابق دو نوجوانوں نے ڈی سی آفس میں بھارت کا جھنڈا پھینک کر خالصتان کا جھنڈا لگایا گیا۔