Friday, March 29, 2024

بھارتی ہونے پر شرمندگی محسوس کر رہا ہوں ، امرتیہ سین

بھارتی ہونے پر شرمندگی محسوس کر رہا ہوں ، امرتیہ سین
August 20, 2019
نئی دہلی ( 92 نیوز) بھارت کے نوبل انعام یافتہ ماہرمعاشیات ڈاکٹر امرتیہ سین نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پرشدید تنقید  کرتے ہوئے کہا کہ  اس اقدام کے بعد انہیں بھارتی ہونے پرشرمندگی ہونے لگی ہے ،مودی حکومت کے فیصلے استعماریت کے عکاس ہیں ۔ نوبل انعام یافتہ بھارتی ماہرمعاشیات ڈاکٹر امرتیہ سین  نے مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا،بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں امرتیہ سین نے کہا کہ انہیں بھارتی ہونے پرشرمندگی محسوس ہورہی ہے ،اس اقدام سے بھارت نے جمہوری ملک ہونے کی اپنی ساکھ کھو دی ہے۔ امرتیہ سین نے حریت رہنماؤں کی گرفتاری اورنظربندی اور وادی میں عائد کرفیو کو برٹش کلونی ازم تشبیہ دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ عوام کی قیادت کی آواز سنے بغیرانصاف کا حصول ممکن نہیں، انہیں جیل میں قیدیا نظربند کرکے جمہوری راستے بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ امرتیہ سین نے  واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر جمہوری اصولوں پر عمل کے بغیرکبھی بھی حل نہیں ہو گا۔ غیرکشمیریوں کی جانب سے ممکنہ طور پر وادی میں جائیدادیں خریدنے کے سوال پر امرتیہ سین نے کہا کہ کشمیر صرف کشمیریوں کا ہے اور اس کے بارے میں فیصلے کا اختیاربھی کشمیریوں کو ہونا چاہیے ۔