Thursday, April 25, 2024

بھارتی کسانوں کا یکم فروری کو بجٹ ڈے پر پارلیمنٹ کی جانب مارچ کا اعلان

بھارتی کسانوں کا یکم فروری کو بجٹ ڈے پر پارلیمنٹ کی جانب مارچ کا اعلان
January 27, 2021

نئی دہلی (92 نیوز) بھارتی کسانوں نے مودی سرکار کو ناکوں چنے چبوا دئیے۔ احتجاجی کسانوں نے یکم فروری کو بجٹ ڈے پر پارلیمنٹ کی جانب مارچ کا اعلان کر دیا۔

بھارتی کسانوں نے لال قلعے پر خالصتان کا جھنڈا لہرا دیا۔ کل سارا دن دہلی میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔ پولیس اور کسانوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ مودی سرکار بے بسی کی تصویر بنی رہی۔

متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کے ٹریکٹر مارچ نے یوم جمہوریہ پر ٹینک مارچ کو پسپا کر دیا۔ دہلی کے مختلف راستوں پر ٹریکٹرز کا فلائنگ مارچ ہوتا رہا۔

بھارتی دارالحکومت دہلی میں آج دوسرے روز بھی ہائی الرٹ ہے۔ پیرا ملٹری فورسز کو تعنیات کیا گیا ہے۔ لال قلعے میں بھی فوج تعینات ہے جبکہ تمام داخلی راستے بند کر دئیے گئے ہیں۔

کسانوں نے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا۔ یکم فروری کو بجٹ اجلاس کے موقع پر  پارلیمنٹ کی جانب بھی مارچ کا اعلان کر دیا۔

پولیس نے کسانوں کے خلاف 26 ایف آر کاٹ دیں۔ پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے کسان کے خلاف بھی مقدمہ درج کر دیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق اگر حالات کو سنبھالا نہ گیا تو پورے بھارت میں بغاوت ہو سکتی ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کا کہنا ہے بھارت میں کسانوں کی حالیہ تحریک بغاوت کی شکل اختیار کرکے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔